Skip to content

جامعہ تعلیمات اسلامیہ

نصاب

جس امت کے ہاں قرآن مجیدجیسی کتاب موجود ہو اور جس کی راہنمائی وہدایت کیلئے خاتم النبیین ارواحناذوانفسنا فداہ ﷺ کی تیئس سالہ بابرکت زندگی کے تمام شب وروز من وعن محفوظ ہوں ، اور حضور ﷺ کے ارشادات کا ایک ایک حرف مدون ومرتب سامنے ہو ۔اور جس گروہ کے سرمایہ علم میں صحابہ ، تابعین ، تبع تابعین ،محدثین ، آئمہ فقہ ، صلحاء اور اتقیاء کی علمی کاوشوں اور سوانح وتذکار کا عظیم ذخیرہ موجود ہو ، اس گروہ کیلئے نصاب کا مسئلہ چنداں اہمیت نہیں رکھتا ، تاہم جہاں تک فنون کے تعین اور کتابوں کے انتخاب کا تعلق ہے ۔جو نصا ب جامعہ تعلیمات اسلامیہ کیلئے تجویز کیا گیا اس کے بنیادی نکات یہ ہیں ۔

قرآن مجید

ہمارے دین ،فکر اورعمل ہر چیز کا ماخذ اول اور مدار اصلی قرآن مجید ہے ہم چاہتے ہیں کہ جامعہ تعلیمات اسلامیہ کے نصاب میں اس کتاب برحق کی تعلیم اس انداز سے ہو کہ تدبر قرآن کی راہیں کھُل جائیں ، فکر اس سرچشمہ نور سے مستنیرہو او ر یہاں کے فارغ التحصیل طلباء بحر قرآنی کے غواص ہوں ۔

حدیث رسول ﷺ

قرآن مجید کے فہم وتدبراوراسلام کے مزاج کی ترجمانی کا اولین مظہر فرمودات رسالت ہیں ۔ حدیث وہ عظیم فن ہے جس میں مہارت کے بغیر الحاد وزندقت سے محفوظ رہنے کا امکان مخدوش ہوجاتا ہے ۔ لیکن اس فن کو جب تک تحقیقی انداز میں نہ حاصل کیا جائے اور احادیث نبویہ ﷺ کے تمام ذخائر ومصادر کو نہ کھنگالاجائے ، حدیث کی تعلیم سے استفادہ ممکن نہیں ، ہمارے نصاب کی ایک خصوصیت یہ بھی ہوگی کہ از اول تا آخرحدیث تحقیقی انداز سے پڑھائی جائے گی اور اس سے اسلام کے تعبدی مزاج ، حدیث کی قانونی حیثیت اور حدیث کے اولین ذریعہ تفسیر قرآن مجید ہونے کو طالب علم کے ذہن میں راسخ کرنے کی سعی کی جائے گی ۔

اسلامی قانون یا فقہ

ہر قسم کے تعصبات سے بلند وبالا رہ کر ہی نہیں بلکہ صحیح معنوں میں فقہی مذاہب اربعہ کو اس امت کے اکابر کا قابل احترام نظریہ علم تصور کرکے اس انداز سے پڑھانا پیش نظرہے۔ جس سے طلباء میں قانون سازی کی صلاحیتیں ابھریں لیکن تقویٰ اور اتباع سنت کے بھرپورجذبے کے ساتھ ۔

دعوت الی اللہ وارشاد الحق

ہمارے خصوصی اہداف میں سے ایک ہدف یہ بھی ہے کہ اس ملک کے مزاج وحالات کی مناسبت سے ایسے داعی اور مبلغ تیار کئے جائیں جو دعو ت الی اللہ کی عظمت ونزاکت دونو ں پہلوئوں کے ساتھ ہواور جن کا مزاج دعو ت الی الحق ، انابت الی اللہ اور تزکیہ نفوس سے مناسبت رکھتا ہو ۔اس باب میں ہم ایک خصوصی نقطہ نظر اور تفصیلی لائحہ عمل اپنے سامنے رکھتے ہیں اور نصاب کی ترتیب ودرجات تخصص میں ہم نے اس عنوان کو ہر پہلو سے ملحو ظ رکھنے کی سعی کی ہے۔

ادب عربی

قرآنی زبان کوبحیثیت زبان وادب اپنانا اور عام کرنا ایک اہم مقصد ہے اور ہمارے نصاب میں عربی زبان کو اظہار خیال کا ذریعہ بنانے کا داعیہ بوجوہ اتم موجود ہے ۔

عربی گفتگو

عربی تقریروتحریر اور عربی ادب سے مناسبت پیداکرنے کیلئے ازاول تا آخر اہتمام اس نصاب کا ایک نمایاں پہلوہے۔

انگریزی وفارسی

آج کے دور میں دینی دعوت کو عام کرنے ہی کے نقطۂ نظر سے نہیں بلکہ اس سے آگے بڑھ کر انگریزی لٹریچر کو اس مقصد کیلئے پڑھنا بھی خدام دین کیلئے ضروری ہے ۔ کہ آج ملحدانہ اور مادہ پرستانہ افکار ونظریات کی جویورش اسلامی دنیا پر روز افزوں ہے ۔ اس کو کما حقہ سمجھ کر اس کے استیصال کی بھر پور کوشش کی جائے ، چنانچہ ہم نے لازمی قرار دیا کہ انگریزی بحیثیت زبان اسی طرح پڑھی جائے جس طرح کالجوں میں اس کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ اورہمارے ہاں کے نصاب سے فراغت حاصل کرنے والے علماء دین کریجویٹ حضرات ہی کی طرح انگلش جاننے بولنے اور اسی زبان میں اظہار مدعا کرسکنے کی صلاحیت سے بہرہ ورہوں ۔

علاوہ ازیں جغرافیہ ، تاریخ ، حساب اور دوسرے علوم بھی شامل نصاب ہیں ۔ جس سے دین کے ساتھ دنیا سے کما حقہ آگہی بھی حاصل ہوگی ۔ ان شاء اللہ العزیز وبدیہ التوفیق ۔

Copyright © 2022 - Jamia Taleemat Islamia | All rights reserved.